پروازوں کی بندش

یورپ میں پروازوں کی بندش، پی آئی اے انتظامیہ نے یورپی ممالک میں تعینات عملہ واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) یورپ میں پروازوں کی بندش کے پیش نظر قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے یورپی ممالک میں تعینات عملہ واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی جانب سے یہ فیصلہ یورپ میں عائد پی ائی اے کی پروازوں پر پابندیوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے، یورپی ممالک میں تعینات عملہ اب واپس بلایا جائے گا۔ یورپی ملک میلان، اوسلو، کوپن ہیگن اور بارسلونا سے عملہ واپس بلا یا جارہا ہے۔

یورپ اسٹیشنز سے عملے کی واپسی سے اخراجات میں کمی ہوگی۔ یورپ اسٹیشن کو پی آئی اے کے جنرل سیلز ایجنٹ آپریٹ کریں گے۔ عملے کی واپسی کے لیے احکامات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

ترجمان قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ عملے کی واپسی کے لیے رواں ہفتے احکامات جاری کر دیے جائیں گے، یورپ کے 4 ممالک سے عملے کو واپس بلایا جارہا ہے۔