یورپ

یورپ اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات مزید بگڑ گئے

ایمسٹرڈیم (رپورٹنگ آن لائن)یورپ اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات مزید بگڑ گئے ،آسٹریا کے بعد نیدرلینڈز کی حکومت نے بھی روس کے سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کی حکومت نے کہا کہ روسی سفارت کاروں کو دو ہفتے کے اندر ملک چھوڑ کر جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ نیدرلینڈز کے محکمہ خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ روس کی جانب سے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ اور گلوبل کیمیکل ویپنز واچ ڈاگ جیسے اداروں کے مرکز ، اس ملک میں بڑی تعداد میں جاسوس بھیج رہے تھے۔

نیدرلینڈز کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز کی جانب سے کئی مرتبہ معاملے کا حل تلاش کرنے کی کوششوں کے باجود روس کی جانب سے ڈپلومیٹک کوور میں اپنے جاسوس بھیجنے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا اور ہم یہ نہیں ہونے دے سکتے۔ ان کاکہنا تھا کہ سفارتخانے کھلے رہنا ضروری ہیں لیکن روس کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنا کافی مشکل ہو گیا ہے، نیدرلینڈز کی جانب سے سینٹ پیٹرزبرگ میں بھی قونصلیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب روس کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے اس کا جواب دیا جائے گا ، تاہم اس پر کسی فوری ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔