یورپی یونین 151

یورپی یونین سے بھارت میں انسانی حقوق کے معاملات اٹھانے پر زور

لندن (رپورٹنگ آن لائن)انسانی حقوق کی آٹھ تنظیموں نے اپنے مشترکہ بیان میں یورپی یونین کے رہنمائوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پرتگال میں 8 مئی کو بھارتی رہنمائوں کے ساتھ اپنے شیڈول اجلاس کے دوران بھارت میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کو اٹھائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق8 انسانی حقوق کی تنظیموں پر مشتمل ہیومن رائٹس واچ(ایچ آر ڈبلیو)کا کہنا تھا کہ یورپی رہنمائوں کو چاہیے کہ وہ بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے کہ وہ اپنے پر تشدد اور امتیازی سلوک کی پالیسیوں کو ختم کرے اور جیل میں قید کیے گئے انسانی حقوق کے رضاکاروں اور دیگر ناقدین جو پرامن طور پر آزادی اظہار رائے کا استعمال کر رہے تھے، کو فوری طور پر رہا کرے۔

ان تنظیموں میں ایمنسٹی انٹرنیشنل، کرسچین سالیڈیریٹی ورلڈ وائیڈ، فرنٹ لائن ڈیفنڈرز، ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹ، انٹرنیشنل دلت سالیڈیریٹی نیٹ ورک، انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس اور ورلڈ آرگنائزیشن اگیناسٹ ٹارچر شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ملک کے انسانی حقوق کے ریکارڈ میں کافی حد تک بگاڑ کے باوجود بھارتی حکومت نے موثر طریقے سے بین الاقوامی اسکروٹنی اور رد عمل سے خود کو بچایا ہے۔کہا گیا کہ بھارتی حکومت نے اقلیتوں کے خلاف بھی امتیازی قوانین اور پالیسیاں نافذ کیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا تھا کہ مسلم اور دلت کمیونٹیز کے خلاف حملے بڑھ رہے ہیں جبکہ حکام بی جے پی رہنمائوں کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں جو اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت نے اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر ریاست کی آئینی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد سے مقبوضہ ریاست میں مسلم اکثریتی علاقوں میں سخت اور امتیازی پابندیوں عائد کر رکھی ہیں۔

کہا گیا ہے کہ ان امور پر یورپی یونین کی طویل خاموشی پوری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے اس کے زیادہ واضح اور مضبوط رد عمل کے بالکل برعکس ہے اور یہ جب اور جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، یورپی یونین کی طرف سے بولنے اور کارروائی کرنے کے عہد سے متفق نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین نے حال ہی میں بھارت کے ساتھ انسانی حقوق کے معاملے پر بات چیت کو دوبارہ شروع کیا جو سات سال سے معطل تھے۔جہاں یورپی یونین نے رہنمائوں کی ملاقات کے لیے ایک لازمی شرط کے طور پر بات چیت کے انعقاد پر اصرار کیا انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس بات چیت کو خانہ پری مشق کے طور پر انجام دینے پر خبردار کیا جس کا مقصد صرف سربراہی اجلاس کے ایجنڈے سے متعلق حقوق حاصل کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں