واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)یورپی رہنماوں کے ساتھ میٹنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ٹیلی فون کیا جس کے باعث میٹنگ روکنا پڑگئی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق روسی اور امریکی صدور کی ٹیلی فونک گفتگو 40 منٹ تک جاری رہی۔ روسی صدارتی مشیر کے مطابق گفتگو بے تکلفی پر مبنی اور تعمیری تھی۔روسی صدر پیوٹن نے ٹرمپ سے کہا کہ وہ یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، روس یوکرین صدور کی ملاقات اگست کے آخر تک ہونے کی امید ہے۔پیوٹن اور زیلنسکی کی میٹنگ کے لیے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں، مقام کا تعین بعد میں ہوگا۔
اس میٹنگ کے انتظامات نائب صدر جے ڈی وینس، سیکرٹری مارکو روبیو اور مندوب وٹکوف کریں گے۔اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امن معاہدہ ہوگیا تو امریکا یوکرین کی سلامتی کی ضمانت میں مدد کرے گا۔یوکرینی صدر کے دورہ واشنگٹن میں جرمنی، برطانیہ، فرانس، اٹلی اور فن لینڈ کے رہنما بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ یورپی کمیشن کی صدر اور نیٹو کے جنرل سیکرٹری بھی دورے میں موجود ہیں۔