صنعا(رپورٹنگ آن لائن)یمنی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے کہا ہے کہ جنوبی انتقالی کونسل کی قیادت میں مسلح بغاوت کوئی سیاسی اختلاف نہیں ہے بلکہ یمن اور خطے کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ ملک کو وسیع علاقائی بدامنی کے مرکز میں بدل سکتا ہے۔
یہ بات رشالد العلیمی نے سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی سفیر اسٹیفن فیگن سے ملاقات کے دوران کی ۔ دونوں فریقوں نے حضرموت اور مہرہ کے صوبوں میں حالیہ پیش رفت اور ان کے سکیورٹی اور معاشی اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی سفیر نے یمن کی وحدت، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے ملک کی حمایت اور امن کے راستے کو آگے بڑھانے کے لیے یمنی قیادت اور اس کے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے واشنگٹن کی آمادگی کی تصدیق کی۔
رشاد العلیمی نے کہا کہ مسلح بغاوت کا براہ راست اثر یمن میں عالمی برادری کی ترجیحات پر پڑا ہے جن میں سرفہرست حوثی گروپ کا مقابلہ کرنا، القاعدہ اور داعش کا مقابلہ کرنا، سمندری راستوں اور توانائی کی سپلائی کو محفوظ بنانا اور ہمسایہ ممالک کی سلامتی شامل ہے۔یمنی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ نے کہا کہ یکطرفہ اقدامات کے تسلسل نے حوثی گروپ کو دوبارہ صف بندی کرنے کا موقع دیا ہے اور دہشت گرد گروہوں کی واپسی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے جبکہ وہ اپنی کمزور ترین حالت میں تھے۔
رشاد العلیمی نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ یمنی ریاست کا خودمختار فیصلہ ہے جسے اس کے متعلقہ ادارے انجام دیتے ہیں، انہوں نے اس معاملے کو طاقت کے ذریعے حقیقت مسلط کرنے یا ریاست کے قانونی اداروں کو کمزور کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف خبردار کیا۔صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ نے واضح کیا کہ ہنگامی حالت کے اعلان سمیت حالیہ صدارتی فیصلے شہریوں کے تحفظ، خلاف ورزیوں کو روکنے اور سعودی عرب کی قیادت میں امن کی کوششوں کی حمایت کے لیے ایک آئینی پرامن اقدام کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ رشاد نے خودمختار فیصلوں کے نفاذ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ماضی کے مراحل میں متحدہ عرب امارات کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ریاست کے دائرہ کار سے باہر کسی بھی گروہ کی حمایت کرنا عبوری مرحلے کے اصولوں اور قانونی اتحاد کی بنیادوں کی خلاف ورزی ہے۔ رشاد العلیمی نے بحران پیدا کرنے والے خطرات کی مذمت کرنے اور انہیں روکنے کے لیے ایک اجتماعی بین الاقوامی موقف اور جنگ کے خاتمے اور ریاستی اداروں کی بحالی کے لیے یمنیوں کی امنگوں کی حمایت کی اپیل کی۔









