سعودی عرب

یمن میں جنگ بندی ،عالمی ایلچی کی کوششیں گراں قدر ہیں ، سعودی عرب

ریاض (ر پورٹنگ آن لائن)سعودی وزارت خارجہ نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرونڈبرگ کے حالیہ اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ شام گرونڈبرگ نے یمن میں دو ماہ کے لیے جنگ بندی شروع ہونے کا اعلان کیا تھا۔ مذکورہ جنگ بندی کے دوران میں یمن کے اندر اور سعودی یمنی سرحد پر ہر قسم کی عسکری کارروائی روک دی جائے گی۔سعودی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ یمنی حکومت اور یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کی جانب سے جنگ بندی قبول کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔ بیان میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی کوششوں کو گراں قدر قرار دیا گیا۔اس سے قبل گرونڈبرگ نے بتایا تھا کہ یمنی فریقوں نے دو ماہ کی جنگ بندی پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

اس جنگ بندی کا آغاز ہفتے سے ہو گا۔ایلچی نے مزید بتایا کہ یمنی فریق الحدیدہ کی بندرگاہ میں ایندھن کے بحری جہازوں کے داخلے ، صنعا کے ہوائی اڈے سے مقررہ مقامات کے لیے تجارتی پروازیں چلانے اور تعز اور دیگر صوبوں میں راستے کھول دینے پر آمادہ ہیں۔گذشتہ روز خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل نائف فلاح الحجرف ، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس ، برطانیہ اور امریکا نے مذکورہ جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔یہ جنگ بندی ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے زیر سرپرستی یمنی فریقوں کے بیچ مشاورت جاری ہے۔ یہ مشاورت ایک ہفتے جاری رہے گی۔بات چیت میں یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرونڈبرگ اور امریکا کے خصوصی ایلچی ٹم لنڈرکنگ بھی شریک ہیں۔