حکومت 32

یمنی عبور ی کونسل کے سربراہ الزبیدی ابوظبی فرار

صنعا(رپورٹنگ آن لائن)یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کی افواج نے انکشاف کیا ہے کہ جنوبی عبوری کونسل کے سربراہ عیدروس الزبیدی 7 جنوری کی نصف شب کے بعد عدن کی بندرگاہ سے سمندری راستے کے ذریعے فرار ہو گئے۔

بیان کے مطابق وہ اماراتی نگرانی میں ایک بحری ذریعے کا استعمال کرتے ہوئے صومالیہ کے علاقے صومالی لینڈپہنچے، جہاں مذکورہ کشتی نے شناختی نظام بند کر رکھا تھا اور دوپہر کے وقت بندرگاہ بربرہ پہنچی۔اتحاد کے مطابق وہاں پہنچتے ہی عیدروس الزبیدی نے ایک افسر سے رابطہ کیا جو بعد میں متحدہ عرب امارات کے مشترکہ آپریشنز کے کمانڈر میجر جنرل عوض سعید مصلح الاحبابی ثابت ہوا، اور انہیں اپنی آمد کی اطلاع دی۔

اس موقع پر ایک الیوشن 76 طیارہ پہلے سے موجود تھا، جس نے اماراتی افسران کی نگرانی میں الزبیدی اور ان کے ہمراہ افراد کو سوار کیا اور روانگی کی منزل ظاہر کیے بغیر پرواز کی۔الزبیدی پہلے سمندری راستے سے صومالی لینڈ اور پھر موگادیشو پہنچے اور بالآخر ابوظبی منتقل ہو گئے۔اتحادی بیان کے مطابق طیارہ موگادیشو کے ہوائی اڈے پر اترا، کچھ دیر رکنے کے بعد خلیج عرب کی سمت روانہ ہوا۔ عمان کی خلیج کے اوپر طیارے کا شناختی نظام بند کیا گیا اور بعد ازاں ابوظبی کے ایک فوجی ہوائی اڈے پر اترنے سے قبل دوبارہ فعال کیا گیا۔

عرب اتحاد کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ استعمال ہونے والا بحری جہاز وہی ہے جو ماضی میں اسلحہ اور جنگی گاڑیاں یمن منتقل کرنے میں استعمال ہو چکا ہے۔اتحاد نے اس امر پر زور دیا کہ وہ ان افراد کے بارے میں معلومات جمع کر رہا ہے جو فرار سے قبل عیدروس الزبیدی سے آخری ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ ان میں عدن کے سابق گورنر احمد حامد لملس اور سیکیورٹی بیلٹس فورس کے کمانڈر محسن الوالی شامل ہیں، جن سے رابطہ منقطع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں