لاہور( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کا دن ہمیں معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ یتیمی کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
یتیم بچوں کو والدین دینا ہمارے اختیار میں نہیں لیکن ہم انہیں تعلیم تو دے سکتے ہیں۔ یتیمی کے دن کی مناسبت سے جاری کئے جانے والے اپنے پیغام میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ یتیم سے صرف اظہار ہمدردی کافی نہیں، ہمیں مل جل کر ان کی تعلیمی کفالت کا فرض بھی ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں یتیم کا بچپن محرومی کی داستان بننے کی بجائے تعلیم کی طاقت سے کامیابی کی کہانی بنے۔
ہر فرد عہد کرے کہ کسی یتیم کا ہاتھ تھام کر اسے سکول تک لے کر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذرا سی توجہ کسی یتیم کے بکھرے خوابوں کو جوڑ سکتی ہے۔ ہر فرد یتیموں کیلئے ہمدردی کے جذبات کو عملی اقدامات میں بدلنے کا عزم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں، ہم سب مل کر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ ہو۔