ہیلمٹ 84

ہیلمٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

نارووال( رپورٹنگ آن لائن)نارووال میں ہیلمٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،دکانداروں نے من مانے ریٹس بڑھا دئیے۔بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے حالیہ نافذ ہونے والے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈان کی وجہ سے نارووال اور گردونواح میں ہیلمٹ کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور موٹر سائیکل سوار افراد ہیلمٹ کے حصول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔

جبکہ دکانداروں نے اپنی مرضی سے ہیلمٹ کے ریٹس بہت زیادہ بڑھا دئیے ہیں اور وہ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں جس وجہ سے طالب علموں اور مزدور طبقہ کا ہیلمٹ خریدنا مشکل ہو چکا ہے۔کریک ڈان سے قبل آٹو مارکیٹ میں ایک ہزار روپے میں ملنے والا ہیلمٹ چار سے پانچ ہزار روپے میں مل رہا ہے اسی طرح دیگر ہیلمٹ کی قیمتوں میں تین سے چار گنا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور دکاندار من مانی قیمتیں مانگ رہے ہیں جبکہ ہیلمٹوں کی کوالٹی بھی انتہائی ناقص ہے۔

طالب علموں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف روڈز پر پولیس جرمانے کر رہی ہے اور دوسری طرف دکانداروں نے ہیلمٹ کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ کیا ہوا ہے جس سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اتنے مہنگے ہیلمٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔انہوں نے مقامی انتظامیہ سے اپیل کی کہ مارکیٹ میں ہیلمٹ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ اچانک طلب بڑھنے سے ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں