لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پہلگام واقعے اور بھارتی حکومت کے ردعمل کو شدیدتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واقعے کے چند منٹوں بعد ہی ہندوستانی انتہا پسند میڈیا نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر الزامات لگا کر سارے واقعے کو مشکوک بنا دیا ہے،اس سارے طرز عمل نے بھارتی ہائبرڈ وار سکرپٹ کے تاثر کو تقویت دی ہے،ہندوستان اپنی سیکورٹی میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے ، بغیر ثبوت پاکستان پر الزام ترشی بھارت کی پرانی راویت ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں قتل عام کیا جا رہا ہے ، گزشتہ بیس سالوں میں ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ، ہزاروں بچوں کو یتیم اور بیس ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی کی گی، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی المیہ ہے ۔ ساری دنیا دیکھ چکی ہے کہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر چلنے والی مودی حکومت نے ہندوستان کے اندر اقلیتوں کی زندگی بھی اجیرن بنا دی ہے ۔تعصب کا شکار مودی حکومت کی فالس فلیگ آپریشن کی داستان طویل اور شرمناک ہے ۔
پلوامہ، راجوڑی حملے، سمجھوتہ ایکسریس میں 68افراد کو لقمہ اجل بنا نے اورممبئی حملوں کا الزام پاکستان پر لگانے والی بھارتی حکومت کا بھانڈا خود ہندوستان کی سی بی آئی کے سابق افسر ستیش ورما اور سابق گورنر نے پھوڑ دیا تھا ۔ بھارتی حکومت کے منفی پروپیگنڈے کے نتائج خطرناک ہونگے ، جنوبی ایشیائی خطہ کسی قسم کی جارحیت کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔
محمد جاوید قصوری نے 26اپریل کی ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے کہا کہ مسلمانوں پر دشمن چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں ، ایک طرف بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کو استعمال کرتے ہوئے خطے کا چوہدری بننا چاہتا ہے، دہشت گردی کا سپورٹ کر رہا ہے اور الزام پاکستان پر لگاکر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے ۔ جماعت اسلامی 26اپریل کو تاجر برادری کے ساتھ مل کر بھرپور ہڑتال کرے گی ۔