لاہور (رپورٹنگ آن لائن)نگران مشیر کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ اس بار بھی پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کا سیمی فائنل ضرور کھیلے گی۔وہاب ریاض نے لاہور کے گورنمنٹ پائلٹ اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انڈیا کے خلاف اہم میچ ہے، ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے،بھارت میں خالی اسٹیڈیمز میں میچز ہو رہے ہیں، صرف بھارت میں رہنے والے لوگ اسٹیڈیمزآ رہے ہیں،باہر سے کسی ملک کے شائقین اسٹیڈیمز میں نہیں آ رہے۔
مشیر کھیل کے مطابق بھارت کے لیے یہ نقصان دہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، انگلینڈ آسٹریلیا میں میچز ہوں تو کراڈ فل ہوتا ہے، خالی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے میچز کا مزہ نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا بھارت کے سامنے احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں، بھارت نے ویزے جاری کرنے ہوتے تو اب تک جاری کر چکا ہوتا، جس طرح کی بھارت میں پچز ہیں ہم اسی طرح کی پچز پر کھیل کر بڑے ہوئے ہیں، پچز خراب ہونے کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے، اب ورلڈ کپ کا ٹائم ہے ہمارے کھلاڑیوں کو کچھ کرنا ہو گا۔
اوپننگ بیٹر فخر زمان سے متعلق وہاب نے کہا کہ فخر زمان ہمارا اثاثہ ہے، فارم کا ایشو ہر کھلاڑی کے ساتھ ہو سکتا ہے، ہمیں فخر کو سپورٹ کرنا چاہیے، وہ اکیلے میچ جتوا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے تجربے کے مطابق پی سی بی نے کبھی تین سال کا سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا، سننے میں آ رہا تھا کہ کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ پر سائن نہیں کر رہے تھے، ہو سکتا ہے ذکا اشرف نے سینٹرل کنٹریکٹ میں یہ شق ڈالی ہو کہ پرفارمنس نا دی تو سینٹرل کنٹریکٹ واپس لے لیں گے،
ایسا نہیں ہونا چاہیے،کھلاڑیوں کی باتیں نہیں مانی جا رہی تھیں ، شاید اس وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ پر سائن نہیں ہو رہا ہے۔وہاب ریاض نے کہا کہ کھلاڑیوں کا حق پہلے ہے باقی چیزیں بعد میں آتی ہیں، اچھا ہے الیکشن ہو جائے تاکہ ہمیں بھی کچھ سکون ملے۔ساتھ ہی وہاب نے کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ضرور کھیلے گی، ہم ہمیشہ سے ایسے ہی گرتے گراتے سیمی فائنل تک پہنچ جاتے ہیں۔