عظمی بخاری

ہم ہر سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، بدتمیزی کی اجازت نہیں’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ہم ہر ایک سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، بدتمیزی اور بے ہودگی کی بالکل بھی اجازت نہیں،یہ نہ خود پڑھے لکھے ہیں، نہ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خود سر سے پائوں تک کرپشن میں ملوث ہیں، وہ آج ہم سے سوالات کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کی تاحال کوئی آڈٹ رپورٹ سامنے نہیں آئی لیکن سیاسی مخالفین جان بوجھ کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں گزشتہ 12سال سے ایک مہاتما کی پارٹی اقتدار میں ہے اور کرپشن کی لمبی چوڑی داستانیں موجود ہیں، انہوں نے سوات واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی لیکن ہم نے کبھی لاشوں پر سیاست نہیں کی، یہ لوگ خود سیاسی گدھ ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کے پہلے سال میں 40وزارتوں اور محکموں میں 270ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں جبکہ جعلی رسیدوں کا انکشاف بھی ہوا، بلین ٹری سونامی اور توشہ خانہ جیسے منصوبے بھی کرپشن سے بھرپور تھے اور اب وہی لوگ ہمیں جوابدہی کا کہہ رہے ہیں۔

پنجاب میں صحت کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج جاری ہے اور صحت کارڈ بند نہیں کیا گیا، نجی ہسپتال صحت کارڈ کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی نے اس کارڈ کو خیبرپختونخوا میں لانچ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے سیاسی مخالفین کو نااہل اور جاہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ خود پڑھے لکھے ہیں، نہ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، اور دوسروں کو جاہل کہتے ہیں، سوشل میڈیا پر مسلسل فتنہ اور طوفان بدتمیزی برپا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صرف حکومت کو بدنام کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت میں کسی کو بے ضابطگی چھپانے کی اجازت نہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سال میں مالی بدعنوانی کی حد کھربوں روپے تک جا پہنچی، ہم کارکردگی پر مقابلے کے لئے تیار ہیں لیکن بدتمیزی اور بے ہودگی کی سیاست کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔