شہباز گل

ہم ہارنے کے بعد اداروں کو گالیاں نہیں دیتے بلکہ اپنی غلطی کو درست کرتے ہیں، شہباز گل

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ نیب کے وکیل آج بیمار تھے، مریم نواز نے تحریک انصاف کو طعنہ دیا کہ تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں شکست ہوئی،تحریک انصاف اپنی غلطی سے سیکھتی ہے،ہم ہارنے کے بعد اداروں کو گالیاں نہیں دیتے بلکہ اپنی غلطی کو درست کرتے ہیں،مکمل نتائج آئیں گے اور آپ دیکھیں گے کہ تحریک انصاف سب سے آگے ہے۔

منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کا ووٹ بنک سب سے زیادہ ہے،خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں زیادہ تر ہماری غلطی تھی، بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کا اختلافات کی وجہ سے ووٹ تقسیم ہوا،تحریک انصاف ہی تحریک انصاف کے خلاف لڑ رہی تھی۔ شہباز گل نے کہا کہ تحریک انصاف کے امیدوار آپس میں لڑے آپ کو صرف فائدہ ہوا، خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا گڑھ ہے،عمران خان نے حکومت میں ہوتے ہوئے کامیاب انتخابات کو یقینی بنایا،بلدیاتی انتخابات پر مریم نواز مودی کی زبان بول رہی ہیں،

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز جواب دیں کہ کن خدمات پر قطریوں نے آپ کو پیسے دیئے،آپ کے اکاﺅنٹس میں اربوں روپے آئے، آپ کو اس کا جواب دینا ہے، مریم نواز نے بلاول بھٹو کی طرح اپنے بیٹے کو سیاست میں لانچ کیا ہے،پاکستان تحریک انصاف اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آئندہ انتخابات مقابلے سے جیتے گی۔