سیالکوٹ (رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ تمام مشکلات ختم ہو جائیں گی اور پاکستان ترقی کرے گا، ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی، نواز شریف نے سیالکوٹ کی عوام کے لیے بہت سارے فلاحی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے، لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی نواز شریف ہی کا تحفہ ہے جو اب کھاریاں جا کر ملے گی جس سے عوام کو مزید بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں سٹینڈرڈ کالج فار گرلز کے سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری بیٹیاں اپنی تعلیم مکمل کر کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہی ہیں جس کے لیے میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں اور میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔خواجہ آصف نے کہا کہ میں سٹینڈرڈ کالج فار گرلز کی انتظامیہ کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے جو نظر بھی آتی ہے،ہم اپنے شہر سیالکوٹ کے باسیوں کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے بعد سیالکوٹ کے لوگوں کا ممنون ہوں جنہوں نے پہلے میرے والد کو عزت بخشی اور اب گزشتہ 32 سالوں سے مجھے عزت بخش رہے ہیں،
میں اپنی عوام کی جتنی بھی خدمت کروں وہ کم ہے کیونکہ آپ لوگ میرے محسن ہیں اور میں اپنے محسنوں کا ہمیشہ احسان مند رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت نے اپنے 4 سالوں میں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا جس کا خمیازہ آج ہمیں بھگتنا پڑ رہا ہے لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔ سٹینڈرڈ کالج فار گرلز سیالکوٹ کے ڈائریکٹر و پرنسپل محسن بلال نے وزیر دفاع سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی سطح پر خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خواتین کی تعلیم و ترقی کے بغیر کوئی معاشرہ پروان نہیں چڑھ سکتا،خواتین کی تعلیم و تربیت میں سٹینڈرڈ کالج فار گرلز انتہائی اہم و موثر کردار ادا کر رہا ہے اور یہ ہمارے ادارے کا فخر ہے کہ یہاں سے فارغ التحصیل طالبات نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پربھی مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دیکر ملک و قوم کا نام روشن کر رہی ہیں۔ پرنسپل سٹینڈرڈ کالج فار گرلزنے کہا کہ یہ طالبات ہمارا مستقبل ہیں اور ہم ان کے مستقبل کو نکھارنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔تقریب کے آخر میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہاتھوں فارغ التحصیل طالبات میں اسناد اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔