اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے ،انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے ،انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا ۔
وزیر اعظم نے کہاکہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے ،پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔وزیراعظم نے کوآرڈینیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکرٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کیدوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور امیونیٹی گیپ کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے،ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائیزیشن بہتر نہیں ہے ۔بتایاگیاکہ ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے ۔اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭