لاہور(رپورٹنگ آن لائن) صدر مسلم لیگ ن اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، نواز شریف نے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، جلد بازی میں بولے جملوں پر تنقید ہوتی ہے، میں نے جلد بازی میں کہا کہ چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کروں گا، میرے اس جملے پر تنقید ہوئی۔
جمعرات کو خواجہ رفیق شہید کی برسی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کرنے کا نام ہے، نواز شریف کو رات کو نیند نہیں آتی تھی وہ عوام کی خدمت کے لئے فکر مند رہتے تھے، ساہیوال میں کول پاور منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ، ہم نے سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کے پی ایل آئی ہسپتال کا جنازہ نکال دیا، کے پی ایل آئی ہسپتال پورے پاکستان میں نہیں، ساڑھے تین سالوں میں ملک کی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، آج لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر تو دور کی بات موجودہ حکومت نے ایک مرلہ گھر کی اینٹ بھی نہیں لگائی، لاہور کی میٹروبس کو ایک شخص جنگلا بس کہتا تھا تھکتا نہیں تھا، عمران نیازی کنٹینر پر کھڑا ہو کر کہتا تھا کہ پشاور میں یونیورسٹیاں بناﺅں گا۔شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک میں ایک نااہل شخص کو مسلط کیا گیا ہے ، ن لیگ کی حکومت نے لاہور میں اورنج لائن میٹروٹرین بنائی ، موجودہ حکومت نے ساڑھے تین سالوں میں تختیوں میں تختیاں لگائیں، آج عمران خان ہمارے نالج پارک منصوبے پر تختی لگانے لاہور آگئے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تحریک انصاف حکو مت کا گریبان اور ہمارا ہاتھ ہو، تختیاں نہ لگائیں دھڑن تختہ قریب ہے۔