کاٹز

ہم فلسطینی اتھارٹی کو مغربی کنارے پر کنٹرول نہیں کرنے دیں گے، اسرائیل

غزہ ( نمائندہ خصوصی)کئی مہینوں سے جاری اسرائیلی جھڑپوں اور مغربی کنارے میں دراندازی کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اعلان کیاہے کہ تل ابیب فلسطینی اتھارٹی کو مغربی کنارے کا کنٹرول سنبھالنے کی اجازت نہیں دے گا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہجس طرح ہم جنین، طولکرم اور نور شمس کے پناہ گزین کیمپوں میں فلسطینی دہشت گردی کو کچل رہے ہیں، اسی طرح ہم فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے یہودا اور سامرا پر کنٹرول حاصل کرنے اور یہودی بستیوں کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو روکیں گے۔

انہوں نے مغربی کنارے کے لیے اسرائیلی اصطلاح یہودا اور سامرہ کا استعارہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ہم نے یہودا اور سامرا میں غیر قانونی عرب ڈھانچوں کو گرانے کا ریکارڈ توڑا ہے۔ انہوں نے بستیوں کی توسیع اور نئی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہمیں اضافی اسٹریٹجک ٹولز کا استعمال کرنا چاہیے۔