فیاض الحسن چوہان

ہم سیاست کی طرح اپوزیشن کو میچ میں بھی ہرائیں گے ، فیاض الحسن چوہان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم سیاست کی طرح اپوزیشن کو میچ میں بھی ہرائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے سیدعلی حیدر گیلانی کے ہمراہ حکومت اپوزیشن کرکٹ میچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کےلئے اپنی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے سے ہم بتانا چاہتے ہیں کہ غریب ہو یا امیر ، جوان ہو یا بوڑھا ، پارلیمنٹرین ہوں یا عام آدمی کھیلوں اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے پرجوش ہیں ، اگر کوئی ملک یا ٹیم سمجھتے ہیں کہ ان کے کرکٹ نہ کھیلنے سے پاکستان کا امیج خراب ہو گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ٹرافیاں ، کٹیں اور ٹوپیاں تیار ہیں اور میدان سجنا شروع ہو چکا ہے ، ہم کچھ اسپورٹس اور شوبز کی شخصیات کو بھی یہاں بلا رہے ہیں ، تمام ممبران اسمبلی خواہ وہ ن لیگ کے ہوں ، پی پی یا کسی بھی جماعت کے اپنے اہل خانہ سمیت یہاں آئیں۔

حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہم سیاست کی طرح اپوزیشن کو میچ میں بھی ہرائیں گے ، حالانکہ یہ ہم سے اچھے کھلاڑی ہیں اور روز کھیلتے ہیں مگر پھر بھی ہم ان کو ہرائیں گے ، ٹورنامنٹ کا افتتاح اسپیکر پنجاب اسمبلی جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔