کراچی(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے یوم تکبیر پر کہا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری، وقار اور مستقبل کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو نے 28 مئی یوم تکبیر کے موقع پر سائنسدانوں، انجینئرز، مسلح افواج اور سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ بالخصوص قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر فخر کا دن، ہماری قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، ہم اپنی خود مختاری، وقار اور مستقبل کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے.
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قائد عوام کی دور اندیشی، بے مثال جرات نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا خواب دکھایا۔ان کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے دانائی اور بصیرت کے ساتھ جوہری پروگرام کی پیشرفت کویقینی بنایا، یوم تکبیر کے موقع پر بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایٹمی دفاع شہدا کی امانت اور ان کی بے مثال قربانیوں کی علامت ہے، ہماری ایٹمی قوت آنے والی نسلوں کیلئے ایک مضبوط ڈھال ہے۔