لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کینسر سے آگاہی اور بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ آج پوری دنیا میں کینسر سے آگاہی اور بچاؤ کا دن منایا جا رہا ہے۔
ہمیں پاکستان میں کینسر کی تشخیص، پری وینشن اور علاج و معالجہ کی جدید سہولیات پر کام کرنا ہو گا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔پنجاب میں کئی دہائیوں سے مریض کینسر کے علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات سے محروم رہے۔پنجاب میں کینسر کے مریض نجی ہسپتالوں سے مہنگا اور کئی سالوں کے انتظار کے بعد علاج کروانے پر مجبور تھے۔
مریم نواز شریف نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ شروع کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسرٹریٹمنٹ اینڈریسرچ کے قیام پر کل لاگت 82 ارب روپے آئے گی۔ ہر سال اس نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسرٹریٹمنٹ اینڈریسرچ میں کینسرکے ہزاروں مریض علاج ومعالجہ کی بین الاقوامی سطح کی سہولیات حاصل کر پائیں گے۔
اس نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسرٹریٹمنٹ اینڈریسرچ کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہاں کینسرکے لیول 3اور4 کے مریضوں کا بھی علاج و معالجہ مفت کیاجائے گا۔ یہاں خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو بھی علاج و معالجہ کی بہترین اور مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کا کینسر میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا منصوبہ بھی کامیابی سے جاری ہے۔ اب ایک بہترین طریقہ کارکے تحت کینسر کے مریضوں کو ان کے گھروں میں ہر ماہ ادویات بذریعہ کورئیر پہنچائی جارہی ہیں۔