کوہاٹ(رپورٹنگ آن لائن)صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمدسہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے بشمول جعلی مرکزی حکومت عمران خان کو جھکانے اور صوبائی حکومت گرانے پر کام کررہے ہیں، ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ،ہمیں عدالت کے حکم پر بھی اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیاجارہا بلکہ جب جاتے ہیں تو واٹر کینن کا استعمال کیاجاتا ہے،اس مرتبہ عمران خان سے ملنے جائیں گے توکفن میں واپس آئیں گے یا پھر حقیقی آزادی چھین کرآئیں گے، ہمارے پاس حقیقی آزادی چھیننے کیلئے تیار ہوکر نکلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا،جعلی حکومت ہمیں گولیوں سے ڈراتے ہیں۔
وہ اتوار کوکوہاٹ شہر کے نواحی علاقہ جانانہ ملزگراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر’ جنرل سیکریٹری علی اصغر’ کوہاٹ اور ہنگو سے منتخب ایم این ایز شہر یار آفریدی اور یوسف خان’ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ‘معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان’ کوہاٹ کرک’ اورکزئی اورہنگو کے چاروں ایم پی ایزسمیت میئرز ‘ناظمین’ مقامی عہدیداروں و کارکنوں اور عوام کی بہت بڑی تعداد موجودتھی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری پارٹی کے مرکزی قائدین نے تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں محمودخان اچکزئی اور علامہ ناصر کو اختیار دیا ہے،اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے قائد عمران خان سے ملاقات کا حل نکالتے ہیں یا احتجاج کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کرتے ہیں ۔
سہیل آفریدی نے کہاکہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جعلی مقدمات میں قید کررکھا ہے تاکہ عمران خان کو مجبورکیاجاسکے لیکن ہم جھکنے والے نہیں۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے ہماری تربیت کی ہے ‘ ہم ان کی سنیں گے اور اس پر عملدرآمد بھی کریں گے،یہاں کسی اور کا راج نہیں بلکہ صرف عمران خان کا راج چلتاہے اور چلے گا۔وفاق میں حکومت کرنے والوں کو جعلی حکمران قراردیتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاکہ جعلی حکومت نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہے لیکن کوئی اس پر بات نہیں کرتا۔اپنی حکومت اور گڈ گورننس کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ عمران خان کی وژن کے مطابق کرپشن کے متعلق زیروٹالرینس پالیسی ہے۔
انہوںنے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں محکمہ تعلیم میں16 ہزار آسامیوں پر بھرتیاں کی ہیں اگر کوئی کرپشن کے ثبوت سامنے لائے تو کارروائی ضرور ہوگی،ضلعی’ ڈویژنل اور صوبائی سطح پر اوپن ڈور پالیسی کی ہدایات دی ہیں تاکہ کوئی سائل دفتر سے خالی ہاتھ واپس نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام محکموں میں بھرتیاں اب صرف ایٹا کے ذریعے شفاف طریقے سے میرٹ پر ہوں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبہ میںملازمت سفارش اور رشوت پر نہیں دی جارہی ۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنی تقریرکا آغازچند اشعار سے کیا جس کے بعد سپاسنامہ میں پیش کئے گئے مسائل اور مطالبات پر ان کا کہناتھا کہ کوہاٹ میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام کے علاوہ موجودہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ میں خامیوں کو دورکرنے ‘ سڑکوں کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائیں گے جبکہ گرلز کیڈٹ کالج کوہاٹ اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا گرلزکیمپس قائم کرنے کے مطالبات کوسنجیدگی کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔









