لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں انٹیگریٹڈ بائیو بی ہیورل سرویلنس ٹریننگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، وائس چانسلر نیشنل سروسز اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان، ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فاروق احمد اور ٹرینی مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ کسی بھی بیماری پر قابو پانے کیلئے اعدادوشمار کی بنیادی اہمیت ہوتی ہے۔ پاکستان میں ایچ آئی وی ایڈز پر بات کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا۔
ہمارے معاشرے میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریض کو اچھوت سمجھا جاتا ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ ایچ آئی وی ایڈز کے خاتمہ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں ایچ آئی وی ایڈز کے مریض کو چھپانے کی بجائے اس کے علاج پر توجہ دینی چاہئے۔ ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کیلئے سائنٹیفک ریسرچ کا سہارا لینا ہوگا۔ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ ٹریننگ حاصل کرنے والے بچے ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے میں کردار ادا کریں گے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ ایچ آئی وی ایڈز کے مریض کو کمتر نہیں سمجھنا چاہئے۔
نیشنل سروسز اکیڈمی کی ریسرچ ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے میں مدد دے گی۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ٹریننگ سیشن کے انعقاد پر ڈاکٹر شہزاد علی خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔وائس چانسلر نیشنل سروسز اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی آمد پر اُن کا شکریہ اداکیا۔