پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمیں اپنے صوبے کے ٹیلنٹ پر فخر ہے جو اپنی کامیابیوں سے نہ صرف صوبے کا سافٹ امیج اجاگر کررہے ہیں بلکہ ملک کی عزت و وقار میں بھی اضافہ کر رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہارانہو ں نے گزشتہ روز گورنرہائوس پشاور میں ‘‘فخرِ پختونخوا ایوارڈز2025’’کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی نثار باز، چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا فرزند علی وزیر، جمشید خان، ڈاکٹر حمزہ جمشید،نبیل آفریدی، حاجی وحدت خان، سیاسی وسماجی شخصیات، فنکار، ڈاکٹرز، انجینئرز،شعراء وادبا سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔
گورنرنے اس موقع پر شعبہ تعلیم، طب، انجینئرنگ، کھیل، سیاست، صحافت، وکالت، امن، ادب،پولیس، موسیقی، سماجی سرگرمیوں سمیت دیگر شعبوں میں بہترین مہارت اور خدمات کا مظاہرہ کرنے پر60 شخصیات کو فخرپختونخوا ایوارڈ سے بھی نوازا۔