صدر مملکت 169

ہمیں اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

ایبٹ آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرنے کی ضرورت ہے، بچوں کی صحیح تربیت ہی قوموں کا مستقبل ہے،ہمارے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، مغرب کے مقابلے میں مشرق میں ہمدردی کا جذبہ زیادہ ہے ، تعلیمی نظام بدل رہا ہے، مستقبل میں لوگ گھر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

جمعرات کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی برن ہال کالج میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے ماں باپ کی قدر گھر سے سیکھتے ہیں‘ پہلے ایک دو چینل ہوتے تھے اب ہزاروں ہیں‘ ہمیں اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرنے کی ضرورت ہے۔ بچوں کی صحیح تربیت ہی قوموںکا مستقبل ہے۔ ہمارے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کلچر بعد شاندار اور مضبوط ہے۔ مغرب کے مقابلے میں مشرق میں ہمدردی کا جذبہ زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں جس جذبے سے خیرات ہوتی ہے دنیا میں کہیں اور نہیں دنیا جو مرضی کہے پاکستانی مضبوط لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا ماں باپ کے بعد درجہ اساتذہ کا ہے۔ آج کتاب ہے لیکن پڑھنے والا کوئی نہیں لوگ الیکٹرانک میڈیا کی طرف جارہے ہیں زمانہ بدل رہا ہے۔ کتاب کی اہمیت کم ہونے کا امکان ہے۔ بہت کم لوگ اخبار پڑھتے ہیں اب لوگ خبروں کے لئے سوشل میڈیا دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی ہورہی ہے تعلیمی نظام بدل رہا ہے مستقبل میں لوگ گھر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ کرونا وباءنے تو اس ویژن کو پکا کرنے کا کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں