تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن )اسرائیلی حزب اختلاف کے رہنما یائر لاپڈ نے خبردار کیا ہے کہ جاری اشتعال انگیزی کے نتیجے میں اسرائیل کے اندر ایک تباہی شروع ہو جائے گی ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے شاباک کے سربراہ رونن بار کو ان چیلنجوں سے نمٹنے میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔بیانات میں یائر لاپڈ نے کہا کہ رونن بار کو اپنی ناکامیوں کی وجہ سے 7 اکتوبر 2023 کو استعفی دے دینا چاہیے تھا۔ سات اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ہم تباہی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور اس بار یہ تباہی اندر سے آئے گی۔
انہوں نے داخلی سیاسی قتل کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رونن بار ایسی دھمکیاں وصول کرنے والوں میں سب سے آگے ہیں۔یائر لاپڈ نے مزید کہا 7 اکتوبر سے اقتدار میں رہنے والی جماعتیں تشدد کے ماحول کو ہوا دینے والی اشتعال انگیزی کی ذمہ دار ہیں۔ دریں اثنا انہوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو نے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی حکومت کے وزرا کو خاموش کرائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس وقت شن بیٹ کو ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طاقت اور اختیار دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والی تباہی نہ صرف بیرونی خطرات بلکہ اندرونی اشتعال کا نتیجہ بھی ہو گی۔ انہوں نے کہا ہم اس وقت ک بیرونی خطرات سے نمٹنے کے قابل نہیں ہوں گے جب تک کہ ہماری اندرونی صورتحال ٹوٹ پھوٹ کا شکار رہے گی۔