کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب میں کہا کہ ہمیشہ مثبت سوچیں اور اپنی زندگی سے حسد کو نکال دیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا چھٹا جلسہ تقسیم اسناد منعقد ہوا۔
اس موقع پر 255 طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں، جن میں 47 طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل، 24 کو سلور میڈل، اور 16 طلبہ کو برونز میڈل سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ دو طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی پر اسناد دی گئیں۔مہمانِ خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی والدین ہیں اور اساتذہ ہیرے کو تراشنے میں بہت محنت کرتے ہیں اور تعریف کے حقدار ہیں۔
انہوںنے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لیے درست سمت کا فیصلہ ضروری ہے کیونکہ غلط فیصلے سمت تبدیل کردیتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ جس معاشرے میں جہالت بڑھے گی وہاں دہشت گردی بھی بڑھے گی ، آج خیبر پختونخوامیں دہشت گردی ہورہی ہے، دہشت گردی جہالت کی پیداوار ہے، جہالت کے خلاف علم کی روشنی سے لڑنا ضروری ہے اور تعلیم دہشت گردی کے خلاف مضبوط ہتھیار ہے۔انہوں نے طلبہ کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لیے ذہین ہونا بہت ضروری ہے، دنیا میں پڑھے لکھے لوگ بہت ہیں مگر کامیاب چند ہی ہوتے ہیں،
اس لئے ہمیشہ مثبت سوچیں اوراپنی زندگی سے حسد کو نکال دیں، کسی کاراستہ روکنے سے آپ کا راستہ نہیں بنتا،کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے قرضے لے کر چلانے میں ترقی نہیں کرتے۔ جب آپ کا گھر ترقی کرے گا یہ ملک بھی ترقی کرے گا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اساتذہ ہیرے کو تراشنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور طلبہ کی کامیابی کے لیے کوشاں ہیں۔جلسے میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور عملے کے ساتھ یونیورسٹی کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کہا گیا کہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی ضروری ہے تاکہ معاشرے میں علم اور شعور کی روشنی بڑھ سکے۔









