معید یوسف

ہمارے پاس بھارتی دہشتگردی کے ثبوت ہیں، معید یوسف

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں۔

بدھ کو معاون خصوصی معید یوسف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز انٹرویو کا مقصد بھارتی شہریوں کو بھارت کا چہرہ دکھانا تھا اور ہمارے پاس بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ثبوت ہیں تب ہی ہم بات کرتے ہیں اور بھارت کے خلاف جہاں ضرورت ہوئی ہم جائیں گے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم نے مولانا عادل کے قتل سے متعلق بھارت کے ملوث ہونے کی صحیح بات کی ہے اور امریکہ دہشت گردی کے خلاف کردارمیں پاکستان کی تعریف کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف غیر ملکی جریدوں میں بھی مضامین لکھے جا رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے سفیرکے طور پر آواز اٹھاتے ہیں۔