مرتضی وہاب

ہمارے میئر اور ڈپٹی میئر کے کاغذات منظور کر لیے گئے ہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمارے میئر اور ڈپٹی میئر کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اعتراض داخل کیا لیکن الیکشن کمیشن نے اسے اوور رول کر دیا۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کو پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ قبول کرنا چاہیے، ہم ابھی بھی بغیر عہدے کے کراچی کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طوفان سے متعلق بھی اقدامات کر رہے ہیں، جو بھی میئر کراچی بنے وہ پھر اختیارات کا رونا نہ روئے بس کام کرے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم الیکشن شیڈول کے اعلان سے پہلے ہوئی، 15جون کو ہونے والے انتخابات پر کسی کو اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضی وہاب، نجمی عالم اور کرم اللہ کے کاغذات منظور ہو گئے۔پی پی پی کے ڈپٹی میئر کے امیدوار سلمان عبداللہ اور ارشاد علی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو گئے۔