اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.30فیصد کمی ریکارڈ کئی گئی تاہم ایک ہفتے میں 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ہفتہ وارمہنگائی کی مجموعی شرح 41.07 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی،مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر متوسط طبقہ ہوا ،44 ہزار سے زائد ماہانہ انکم والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 42.42فی صد ریکارڈ کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 16 روپے47 پیسے مزید مہنگا ہوگیا ،بیس کلوآٹے کے تھیلے کی ملک میں اوسط قیمت 1705 روپے 51 پیسے کی گئی ۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں چینی ایک روپے 3 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ،تازہ دودھ ایک روپے 49 پیسے ، دال مونگ 2 روپے 8 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ۔ رپورٹ کے مطابق مٹن 2 روپے 14 پیسے مہنگا ہواہوا، گھی ، دال ماش، دال مسور چاول اور نمک کی قیمتوں میں بھِی اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،ایک ہفتے میں پیاز 21 روپے 96 پیسے فی کلو سستے ہوئے ۔ ادارہ شماریات کے مطابق انڈے 16 روپے فی درجن ، لہسن 18 روپے 48 پیسے فی کلو سستاہوا، ایک ہفتے میں 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔