اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہر 3 ماہ بعد زرداری اینڈ کمپنی کو لگتا ہے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں، پھر وقت گزر جاتا ہے اور نیا بیان آتا ہے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول کی عدم اعتماد کی بات اور ناکامی، استعفے نہ لانگ مارچ سب پرانی تنخواہ پر کام کرینگے، 3 سال بعد بھی آپ کا کوئی چانس نہیں، زمانہ اور وقت آگے چلا گیا، آپ بہت پیچھے رہ گئے، گرد اتنی ہے کہ آپ کو راستہ نہیں مل رہا، کاروبار پر توجہ دیں۔
دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے مواقع، بہترین ماحول فراہم کرنا بزدارحکومت کا عزم ہے، ماضی میں نظرانداز کئے گئے قومی کھیل ہاکی کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کئے جائینگے۔