ایاز صادق

ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ پاکستان کو نقصان سے بچائیں، ایاز صادق

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنماوسابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ پاکستان کو نقصان سے بچائیں، پاکستان اورپاکستانیت کو اتحاد کی ضرورت ہے،ملک کے دو ٹکڑوں پر تقسیم کرنے والوں کی بات کی مذمت کرتے ہیں ، میں فاروق ستار کا شکر گزار ہوں۔

اتوار کو کراچی میں رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماوسابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ میں سیاسی کارکن اور دوست کی حیثیت سے فاروق ستار کے پاس آیا ہوں ،شائد خوشی کے موقع پر نہ آتا لیکن یہ موقع ضروری تھا آنے کیلئے ،ہم نے وہ کرنا ہے جو پاکستان کے لئے ٹھیک ہے ، اتحادی حکومت کے پاس دو راستے تھے پہلا سیاسی سرمایہ کو تباہ اور قیمتوں میں اضافہ نہ کریں اور دوسرا ملک کو نقصان سے بچائیں۔ ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ پاکستان کو نقصان سے بچائیں پاکستان اورپاکستانیت کو اتحاد کی ضرورت ہے ۔ملک کے دو ٹکڑوں پر تقسیم کرنے والوں کی بات کی مذمت کرتے ہیں ، میں فاروق ستار کا شکر گزار ہوں ۔

اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ میرے لئے ایاز صادق کل بھی قومی اسمبلی کے سپیکر تھے آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے اگر میں ان کو بار بار سپیکر کہوں تو موجودہ سپیکر بھی ایاز صادق کو کہیں گے کہ میں سپیکر ہوں ۔ایاز صادق نے کہا کہ میاں نواز شریف اور ان کے خاندان پر جو ظلم کئے گئے ان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہ نکلی اور ان کو اپنے برخوردار سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا میں نے دسمبر اور فروری کے مہینے میں کہا کہ نوازشریف وطن واپس آئینگے انہیں انصاف ملے گا میرا دل کہتا ہے کہ نواز شریف کو قانونی طور پر انصاف ملنے والا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص ملکی سالمیت کی بات کرے اس کا راستہ کوئی بھی روک نہیں سکتا اور جو ملک کے خلاف بات کرے اس کے لئے دل ،آنکھیں اور کان بند ہوجاتے ہیں ۔ میں ایم کیو ایم اور دیگر کیلئے دعا گو ہوں کہ اللہ ان کے لئے وہ کرے جو ان کے لئے اور ملک کے لئے بہتر ہو ۔ ایاز صادق کا مزید کہناتھا کہ میرا یقین ہے کہ اتحاد میں فائدہ ہے نقصان کوئی نہیں۔ میں نے پندرہ سال پارلیمنٹ میں ایک ایم کیو ایم کے ساتھ گزرے ،بہت سے دوست یہاں اور باقی پارلیمنٹ میں موجود ہے ۔

یہ فاروق ستار کا فیصلہ ہے کہ وہ کیا کرسکتے ہیں میں اس پر مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ۔ اس حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ میں دوسالوں سے مسلسل کہہ رہا ہوں کہ تحریک ایم کیو ایم کے تمام شاخوں کو تقسیم اور انتشار کو ختم کرکے آئندہ چیلنجز اور مشکلات کے لئے وسیع تر یکجہتی کو قائم رکھنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی ،فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال اور آفاق احمد چار ایسے کھلاڑی ہے جن کو سرجوڑ کر بیٹھنا چاہیئے کسی بھی شکل میں لوگوں کی مایوسی کو امید میں بدلنا اور راستہ بتانا لیڈرشپ کا کام ہے اس کے بعد داستانوں میں بھی داستان نہیں ملتی ۔