گورنر پنجاب

ہر پاکستانی دہشتگردی کے خلاف جنگ اور ملکی دفاع کیلئے پاک افواج کے ساتھ ہے، گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی دہشتگردی کے خلاف جنگ اور ملکی دفاع کیلئے پاک افواج کے ساتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گرد واقعے میں 7 جوانوں کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور امن کیلئے جانوں کی قربانیاں دینے والی فوجی جوانوں پر قوم کو ناز ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ انشااللہ ملک بھر سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ دہشت گرد پاکستانی افواج اور عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے دہشت گردی کے خلاف سب متحد ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہے جو دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی، خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک افواج نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔