لاہور (رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا تمام علما کرام کی ذمہ داری ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کوفروغ دیا،ہر ظالم، مافیا کےلئے پنجاب کی زمین تنگ کردی گئی ہے، کسی بھی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائےگی، ریاست لوگوں کی جان و مال اور قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئمہ کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، امام مسجد معاشرے اور نوجوان نسل کی تربیت میں اپنا کردار ادا کریں، 70 ہزار اکاﺅ نٹ کھل گئے ہیں، 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا، یہ 20 ارب روپے سالانہ کا منصوبہ ہے ۔ لوگوں نے اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ مریم نواز نے کہا کہ 25 ہزار ایک چھوٹی سی رقم ہے لیکن اس سے آپ کی زندگی میں کچھ آسانی ہوگی، ماہانہ اعزازیہ ملے گا، آسان اورشفاف آدائیگی کا نظام ہم نے ترتیب دے دیا ہے، ٓپ تمام نمازیوں سمیت حکمرانوں کی بھی تربیت کرتے ہیں، یہ 25ہزار آپ کیلئے ایک چھوٹا سا نذرانہ اورتحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فروری کے آخر سے امام مسجد کا پنجاب بینک میں اکاﺅ نٹ اوپن ہوجائے گا، جب آئمہ کرام اورحکومت کے رابطے میں خلل آتا ہے تو معاشرے میں خرابی پیدا ہوتی ہے، پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، چاہتے ہیں ملک میں اتحاد اور امن کو فروغ ملے۔
وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ فتنہ کی سرکوبی میں مجھے آپ کی ضرورت ہے، دین کا نام استعمال کرکے فتنہ کو فروغ دینا خیانت ہے، کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنہ کو فروغ دیا۔ پولیس، رینجرز کے نوجوانوں کو انہوں نے شہید کیا، لوگوں کی املاک جلا دی گئیں، آمدورفت کے راستے بند کر دیے، اگر یہ فتنہ نہیں تو اور فتنہ کس کو کہتے ہیں؟ فتنہ، ظلم و زیادتی چاہے کسی بھی رنگ میں ہو، اسے کٹہرے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست شہدا کے خون کا حساب لے گی، ریاست لوگوں کی جان و مال اور قوم کی سلامتی سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب لوگوں کو مشکلات آتی ہیں تو لوگ اپنے مذہب کی طرف دیکھتے ہیں، قرآن اور حدیث میں فساد کی مذمت کی گئی ہے، مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، اپنی صفوں کو درست رکھیں، فتنہ و فساد سے دور رہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں ہم نے ڈالا کلچر ختم کیا، خواتین کی بے حرمتی کو ختم کیا، کسی بھی فتنہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہر ظالم، مافیا کے لیے پنجاب کی زمین تنگ کردی گئی ہے، ٹریفک قانون کی سختی سے لوگ خوش نہیں، مجھے پتہ ہے، ٹریفک قوانین پر سختی سے مریم نواز کو کوئی فائدہ نہیں، مریم نواز آپ کا چالان نہیں کرنا چاہتی۔
مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیاں گلیوں، محلوں اورشاہراہوں کو صاف کرتی ہیں، ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو نذر آتش کی گیا، عوام کی املاک جلائی گئیں ،گزرگاہیں روک دی گئیں، کچھ لوگ جلا گھرا،سڑکیں بند کرنے کو مذہب کانام دیتے ہیں، عوامی املاک کو نقصان پہنچایا،جلا گھیرا کرنا فتنہ نہیں تو اورکیا ہے۔









