کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے جب کرفیواٹھے گا تو اس وقت پتہ چلے گا کہ کشمیر میں دنیا کا سب سے بڑا ظلم ہوا ہے ، پوری پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ، مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے ہر سطح پر بھرپور کوششیں جاری ہیں اس ضمن میں کراچی میں کشمیر کے حوالہ سے کرکٹ میچ کا انعقاد قابل ستائش ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں سیلیبرٹی الیون اور ایم پی ایز الیون کے مابین ہونے والے کرکٹ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 5 فروری کے دن کشمیر ڈے کپ کا انعقاد خوش آئند ہے کیونکہ اس طرح کے میچز اچھی روایت ہے اور اس سے یہ بات بھی اجاگر ہوتی ہے کہ پاکستان میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے حال ہی میں سائوتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیم کراچی میں بھی میچ کھیل چکی ہے اور اب لاہور میں بھی بھرپور طریقہ سے میچز ہوںگے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں میں کرکٹ کے میچز دیکھنے کا جنون ہے ، امید ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمہ کے بعد شائقین کرکٹ گرائونڈ میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔گورنرسندھ نے گرائونڈ میں کھیلے جانے والے میچ کو دیکھا اور کھلاڑیوں کے اچھے اسٹروک اور اچھی بائولنگ پر خوب داد بھی دی ۔گرائونڈ میں موجود تماشائیوں نے اپنے درمیان گورنرسندھ کو دیکھ کر خو شگوار حیرت کا اظہار کیا ۔میچ کے اختتام پر گورنرسندھ نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔









