اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر خواجہ آصف کو حق جرح دے دیا، عدالت نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف خواجہ آصف کی درخواست منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق شوکت خانم اسپتال سے متعلق وزیراعظم عمران خان پرالزامات کے معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کی عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس روزانہ کی بنیاد پر سن کر مقرر وقت میں فیصلہ کیا جائے۔
ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا کہہ دیتے ہیں آرڈر پاس کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے خواجہ آصف کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں اس معاملے کو التوا میں ڈال رہے ہیں؟ آپ غیر ضروری طور پر کیس کو لٹکا رہے ہیں۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے خواجہ آصف کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ اس طرح غیر ضروری کیسز سے احتیاط برتیں تو بہتر ہے۔ کیا اس کیس میں ایشوز فریم ہو گئے ہیں؟ وکیل خواجہ آصف نے عدالت کو بتایا کہ جی ایشوز فریم ہو گئے ہیں۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ بیان پر جرح کرنا تو ان کا حق ہے۔
ٹرائل کورٹ کو چاہیے تھا اگلے روز جرح کے لیے رکھ لیتے فئیر ٹرائل ان کا حق ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وکیل نے عدالت سے کو بتایا کہ ایک سال سے یہ عدالت میں نہیں آئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ 17 دسمبر کو بیان ریکارڈ ہوا اسی روز ٹرائل کورٹ کیسے ان کا جرح کا حق ختم کر سکتی ہے۔