ہانگ کانگ

ہانگ کانگ کے شہریوں کے اوورسیز برٹش پاسپورٹ قبول نہں کیے جائیں گے، چین

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین نے کہا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں رہائش پذیر لوگوں کے اوورسیز برطانوی پاسپورٹ قبول کرنے سے انکار کر سکتا ہے۔ ہانگ کانگ طویل عرصے تک برطانیہ کی کالونی رہا ہے اور وہاں کے شہریوں کو بیرون ملک مقیم برطانوی شہری کا پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا۔

چین نے یہ بات برطانیہ کی جانب سے اپنی سابقہ کالونی ہانگ کانگ کے لوگوں کو شہریت دینے سے متعلق قوانین کو نرم کرنے کے فیصلے کے ردعمل میں کہی ہے ۔چین نے اسے اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اس سلسلے میں برطانیہ کے وعدوں کو بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔

ترجمان وانگ وین بن نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ اب جیسا کہ برطانیہ کی جانب سے وعدے کی خلاف ورزی میں پہل کی گئی ہے، چین برطانیہ کے اوورسیز پاسپورٹوں کو سفر کے لیے ایک قانونی دستاویز تسلیم نہ کرنے پر غور کر رہا ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔