اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی (ای پی زیڈ اے ) کے نئے تعینات ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر اے ڈی خواجہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ہارون اختر خان نے اے ڈی خواجہ کو ای پی زیڈ ایکے سی ای او کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے ای پی زیڈ اے کی صلاحیت، درپیش موجودہ چیلنجز اور اتھارٹی کو مزید مسابقتی اور موثر بنانے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔
ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے اتھارٹی کی کارکردگی اور معیار کو بین الاقوامی معیارات تک بڑھانے کے لیے بہتری اور اصلاحات شروع کرنے کے لیے سی ای او کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔