عتیقہ اوڈھو

ہارر اور بولڈ مواد پر بنے ڈرامے رات 10 بجے نشر کیے جانے چاہئیں، عتیقہ اوڈھو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکارہ اور ڈراما مبصر عتیقہ اوڈھو نے تجویز پیش کی ہے کہ ہارر، خطرناک اور بولڈ موضوعات پر بنائے گئے ڈراموں کو رات 8 کے بجائے 10 بجے نشر کیا جانا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق عتیقہ اوڈھو، نادیہ خان اور مرینہ خان نے حال ہی میں کیا ڈراما ہے نامی ٹی وی شو میں بولڈ موضوعات پر بنائے گئے ڈراموں پر تبصرہ کیا۔پروگرام کے دوران نادیہ خان نے توجہ دلائی کہ رات کو 8 بجے نشر ہونے والے ڈراموں میں بولڈ اور نابالغ افراد کیلئے نامناسب زبان اور مناظر والے ڈرامے نشر کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان افراد ایسے ڈرامے دیکھ نہیں سکتے اور اگر دیکھیں گے تو ان کے لیے ایسے ڈرامے دیکھنا اچھا نہیں ہوگا۔

ان کی بات سے عتیقہ اوڈھو نے اتفاق کیا اور کہا کہ بالغ افراد کے لیے بنائے جانے والے ڈراموں کو دیر سے نشر کیا جانا چاہیے۔اداکارہ نے کہا کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ‘ڈائن’ اور ‘شیر’ جیسے ڈراموں کو مواد بولڈ ہوتا ہے، ایسے ڈراموں کو رات 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ڈرامے بالغ افراد کیلئے ہوتے ہیں، ان میں خطرناک مناظر اور نوجوان افراد کے لیے نامناسب سمجھی جانے والی زبان استعمال کی جاتی ہے، اس لیے ایسے ڈراموں کو دیر سے نشر کیا جانا چاہیے۔عتیقہ اوڈھو نے تجویز پیش کی کہ ڈراما چینلز پر رات 10 بجے ایسے ڈراموں کو نشر کیا جانا چاہیے، جن کا مواد بالغ افراد کے دیکھنے والا ہو۔