لاہور ہائیکورٹ

ہائیکورٹ کا محکمہ خوراک پنجاب کو گوجرانوالہ کی 4فلور ملز ڈی سیل کرنے کا حکم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ خوراک پنجاب کو گوجرانوالہ کی چار فلور ملز ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔جسٹس انوار حسین نے کیس پر سماعت کی، درخواست گزار فلور ملز کی وکیل بیرسٹر ردا نور نے دلائل دئیے کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو قانون کے مطابق کاروبار کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

محکمہ خوراک کو قانون کے تحت 72گھنٹے سے زائد پسائی کرنے والی ملوں کے خلاف کارروائی کا قانونی اختیار نہیں ہے۔ تمام ملوں کو غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا، ملوں کو سیل کرنے سے آٹا اور گندم خراب ہو سکتی ہے۔عدالت فلور ملوں کے خلاف جاری محکمہ خوراک کی کاروائی کو روکنے اور ملوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ محکمہ خوراک پنجاب نے 72گھنٹوں سے زائد گندم کی پسائی کرنے پر ملوں کے خلاف کاروائی کی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی