لاہور( رپورٹنگ آن لائن )لاہور ہائیکورٹ نے کھوکھر برادران کی جانب سے کھوکھر پیلس کی دیوار مسمار کرنے کیلئے ایل ڈی اے کے ممکنہ آپریشن کو روکنے کیلئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے سول کورٹ کے حکم امتناعی سے متعلق 7روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا ۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت کی ۔ڈی سی اور ایل ڈی اے کے افسران رپورٹس کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ اگر کوئی شحض غیر قانونی تعمیرات کرے تو اس کو مسمار کرنے کا کیا طریقہ ہے ؟۔ فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ سب سے پہلے غیر قانونی تعمیرات کرنے والے کو نوٹسز بھجواتے ہیں ۔
کھوکھر برادران کے وکیل نے کہا کہ سول کورٹ نے حکم امتناعی جاری کیا اس کے باوجود پیلس کی دیوار کو مسمار کی جارہی تھی ،ایل ڈی اے نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے ، استدعا ہے کہ ایل ڈی اے کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔فاضل عدالت نے سول کورٹ کے حکم امتناعی سے متعلق 7روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔ ایل ڈی اے کے وکیل نے عدالتی فیصلے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 7دن کی مہلت دینے پر کوئی اعتراض نہیں ۔