لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تقرریاں کرنے سے روک دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے پنجاب حکومت کی تقرریوں کے خلاف درخواست پر 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا۔
حکم نامے میں عدالت نے جواب دہندگان کو 17ستمبر تک جواب جمع کروانے کا بھی حکم دے دیا۔حکم نامے کے مطابق جوب دہندگان کیس کی اگلی سماعت تک کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی میں کوئی تقرری نہیں کرسکیں گے۔یونیورسٹی میں تمام تقرریوں و تبادلوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کی گئی ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے یونیورسٹی میں کئے گئے تبادلوں کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ درخواستگزار نکشب چوہدری نے اپنی اپیل میں موقف اپنایا تھا کہ پنجاب حکومت کے پاس کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تبادلوں کے ذریعے تقرریاں کرنے کا اختیار نہیں ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کی گئی تقرریاں کالعدم قرار دے۔