لاہور ہائی کورٹ

ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں مجرم کی اپیل خارج کردی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں سزا یافتہ مجرم کی اپیل خارج کرتے ہوئے توصیف حیدر کی عمر قید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ اور شواہد سے ملزم کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا ء باجوہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران عدالت کے روبرو ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد اور ملزم کے وکیل صفائی پیش ہوئے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق، تھانہ پھالیہ ضلع منڈی بہائوالدین میں سال 2018 میں توصیف حیدر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران مجرم سے 80 کلوگرام چرس برآمد ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گواہوں کے بیانات اور فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ دونوں اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ منشیات مجرم سے برآمد ہوئی۔

دوسری جانب ملزم کی خاتون وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پولیس کا ریکارڈ گواہوں کے بیانات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ تاہم عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ریکارڈ پر موجود شہادتیں اور فرانزک رپورٹ مجرم کیخلاف جرم ثابت کرتی ہیں۔