لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ایک مقامی زمیندار کی غیر قانونی حراست میں مقید 6افراد کو بازیاب کروا کر گھر جانے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود باجوہ نے منڈی بہائوالدین کے رہائشی محمد قاسم کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو کو بتایا کہ تحصیل پھالیہ کے گائوں جوکالیاں کے زمیندار محمد اکرم نے محمد سلیم اور خاندان کے دیگر افراد بشمول بچوں کو اپنے ڈیرے پر غیر قانونی مقید کررکھا ہے۔
عدالت نے تنویر حسین بیلف مقرر کرتے ہوئے تمام مقید افراد کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ بیلف تنویر حسین نے مقامی پولیس کے ہمراہ ذمیندار محمد اکرم کے ڈیرہ سے تمام مغوی افراد کو بازیاب کیا۔ بیلف کی رپورٹ کے مطابق مغوی محمد سلیم کو زنجیروں میں جکڑ رکھا تھا جبکہ اسکی اہلیہ اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کرکے تالہ لگایا گیا تھا۔
عدالتی حکم پر تمام افراد کو بازیاب کرکے عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے تمام بازیاب افراد کو گھر جانے کی اجازت دے دی اور متعلقہ تھانہ ایس ایچ او تمام واقع کی چھان بین کرکے مدعی کی درخواست پر کارروائی کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی۔