لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے تین ملزمان کی سی سی ڈی کے ممکنہ پولیس مقابلے کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے شہری رسول بی بی ، غلام علی کی درخواستوں پر سماعت کی ۔
دوران سماعت ایس پی سی سی ڈی ناصر عباس پنجوتا پیش ہوئے۔درخواست گزاروں کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سی سی ڈی پولیس نے درخواست گزاروں کے قریبی رشتہ داروں کو گرفتار کیا ، خدشہ ہے سی سی ڈی ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردے گی۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے سی سی ڈی جانب سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے مقدمات درج ہونے کے باعث انہیں گرفتار کیا ، متعلقہ مجسٹریٹس سے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ لیا ہوا ہے، سی سی ڈی ، ملزمان سے تفتیش کررہی ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔