سپیکر پنجاب اسمبلی

ہائوس کو رولز کے مطابق چلایا جائے گا، مچھلی منڈی نہیں بننے دوں گا’سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہائوس کو رولز کے مطابق چلایا جائے گا، ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے ،اگر کوئی بات کرنی ہے تو وہ شائستگی سے کی جائے، شور شرابے سے بات نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو سختی سے رولز کے تحت چلایا جائے گا، ان کی کوشش ہے کہ ایوان کے تمام معزز اراکین کو بھرپور موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ عوامی مسائل اجاگر کر سکیں۔ملک احمد خان نے کہا تمام اراکین کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھیں، یہ ایوان ایک ضابطہ اخلاق کے تحت چلتا ہے جہاں ایک رکن کی بات مکمل ہونے کے بعد ہی دوسرا بولے۔انہوں نے ایوان میں جاری شور شرابے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بات کرنی ہے تو وہ شائستگی سے کی جائے، شور شرابے سے بات نہیں کی جا سکتی، ہم ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ وہ ایوان کی فعالیت سے کچھ حد تک مایوس ہیں کیونکہ اسمبلی عوامی مفادات کے تحفظ میں وہ کردار ادا نہیں کر پا رہی جو اس کا فرض ہے، یہ مقدمہ میں عوام کی عدالت میں رکھ رہا ہوں، مجھے دکھ ہے کہ ایوان اپنی مکمل فعالیت نہیں دکھا رہا۔سپیکر نے آخر میں کہا کہ وہ ایک شفاف، منظم اور باوقار پارلیمانی روایات کے تحت اسمبلی کو چلانے کیلئے پرعزم ہیں تاکہ جمہوریت مضبوط ہو اور عوام کا اعتماد بحال رہے۔