لاہور ہائی کورٹ

گینگ ریپ کیس کے دو مجرموں کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت14اپریل کو ہو گی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ میں موٹروے گینگ ریپ کیس میں دو مجرمان کو پھانسی دینے کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت( پیر) کے روز ہو گی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہبازعلی رضوی اورجسٹس طارق سلیم شیخ پرمشتمل دو رکنی بنچ سزائے موت کے قیدیوں عابد ملہی اور شفقت بگا کی سزا کے خلاف اپیلیں پر سماعت کرے گا۔تھانہ گجر پورہ میں9 ستمبر2020 کو وقوعہ کا مقدمہ درج کیا گیا.

مجرمان کے خلاف زیر دفعہ365 اے،392، 7 اے ٹی اے، زیردفعہ427 سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا، انسدادِ دہشتگردی کورٹ نمبر ون نے دونوں مجرمان کو20 مارچ 2021 کو زیادتی کے جرم میں سزائے موت کا حکم سنایا، ٹرائل کورٹ نے مجرمان کو ڈکیتی میں14 سال قید اورڈھائی لاکھ جرمانہ کا بھی حکم سنایا تھا.

خاتون اوربچوں کو اغوا ء کرنے کے جرم میں عمرقید سنائی گئی تھی، گاڑی کو نقصان پہنچانے پر مجرمان کوپانچ سال قید کی سزاسنائی گئی تھی، مجرمان نے انسدادِ دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو25 مارچ2021 کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔