محمد جاوید قصوری 40

گیس بحران کی آڑ میں قومی خزانے کو بھاری نقصان، حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گیس بحران کی آڑ میں ملکی خزانے کو کم و بیش 10 کھرب روپے کا ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا، جبکہ اربوں روپے مخصوص بااثر گروہوں اور جیبوں میں منتقل ہو گئے،یہ سب کچھ حکومتی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس کی قیمت آج عام آدمی مہنگائی، بے روزگاری اور بدحالی کی صورت میں ادا کر رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں محمد جاوید قصوری نے کہا کہ گیس کے نام نہاد بحران کو جواز بنا کر درآمدات، معاہدوں اور سبسڈی پالیسیوں میں جو کھیل کھیلا گیا، اس نے قومی معیشت کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ حکمران طبقہ بروقت فیصلے کرنے میں ناکام رہا اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے بحران کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، جبکہ اصل فائدہ مخصوص مفادات رکھنے والے گروہوں نے اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ رہی سہی کسر آئی پی پیز کی لوٹ مار نے پوری کر دی۔ لائن لاسز، اوور بلنگ، ناقص انتظامی ڈھانچہ اور کرپشن نے بجلی کے شعبے کو عوام کے لیے عذاب بنا دیا ہے۔ بجلی کے بھاری بلوں نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ حکومت کی توانائی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ نہ گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے پر توجہ دی گئی، نہ متبادل توانائی کے منصوبوں کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا گیا۔ نتیجتاً عوام کو کبھی گیس کی لوڈشیڈنگ، کبھی بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے اور کبھی نئے ٹیکسوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ گیس اور بجلی کے شعبوں میں ہونے والے مالی نقصانات اور کرپشن کی آزاد اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عوام سے لوٹا گیا پیسہ واپس قومی خزانے میں جمع کرایا جائے۔ جب تک دیانتدار، محب وطن اور عوام دوست قیادت کو آگے نہیں لایا جائے گا، اس وقت تک عوام کی بدحالی میں کمی ممکن نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں