اشرف بھٹی

گھنٹوں کے حساب سے بڑھتی مہنگائی سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

کراچی /لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس کے ہر طرح کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ،حکومت مہنگائی کی شرح کو نیچے لانے کیلئے پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں فی الفور کمی کر کے انہیں منجمد کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ۔

مختلف شہروں کے تاجر عہدیداروں نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ۔ اشرف بھٹی نے کہاکہ ایک انداز کے مطابق حالیہ چند ماہ میں ہر طرح کے کاروبار میں 50سے60فیصد تک کمی ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ عوام کی قوت خرید کا جواب دینا ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے عوام کی آمدن مستحکم رہے جس کیلئے پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کمی نا گزیر ہے اور اس کے نتائج حاصل کرنے کیلئے قیمتوں کو منجمد کیا جائے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ مختلف ٹیکسز کی وجہ سے بھی مشکلات بڑھ رہی ہے لیکن حکومت اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ اخراجات پورے نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار اپنا عملہ کم کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔