لاہور (رپورٹنگ آن لائن)اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے اپنے گھر میں کام کرنے والی غیر ملکی ملازمہ کے گھر سے چیزیں چرانے کا انکشاف کیا۔
حال ہی میں انہوں نے اپنے پروگرام میں گھریلو ملازمین کے چوری میں ملوث ہونے کے حوالے سے گفتگو کی اور اپنے گھر میں چوری کی واردات کا قصہ بھی سنایا۔ندا یاسر نے بتایا کہ اپنے شوز کی وجہ سے میں مصروف رہتی تھی اور اس دوران میرا بیٹا چھوٹا تھا تو میں نے فلپائن سے تعلق رکھنے والی ایک کام کرنے والی ملازمہ رکھی، میں اس پر بھروسہ کرتی تھی اور مجھے لگتا تھا یہ چور نہیں ہوتے، 2سال تک وہ گھر میں رہی سب سے اچھا سلوک اور محبت سے پیش آتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میرے گھر میں چھٹی پر جانے والے نوکروں کی چیکنگ ہوتی تھی لیکن ہم کبھی اس فیلی پینو ملازمہ کی چیکنگ نہیں کرتے تھے وہ ہمارے گھر سے موبائل فون اور دیگر چیزیں اٹھا رہی تھی اور ہمیں پتا ہی نہیں چلتا تھا۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ ایک دن میرے پرس سے یورو(غیر ملکی کرنسی)چوری ہوئی.
کرنسی میں نے اپنے بیگ میں رکھی ہوئی تھی اور بیگ اسی ملازمہ کو دیا ہوا تھا جس پر میں نے اس کی چیکنگ کا فیصلہ کیا اور جب وہ چھٹی پر اپنے گھر جا رہی تھی تو میں بھی اس کے ساتھ گھر چلی گئی، اس کے گھر میں جا کر دیکھا وہاں میری چیزیں موجود تھیں، اس کے گھر سے میری غیر ملکی کرنسی بھی نکل آئی۔