ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ اور انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے اپنے 100سال پرانے آبائی گھر کو لگژری ریزورٹ میں تبدیل کر دیا جہاں ایک رات قیام کے چارجز 1لاکھ 20ہزار روپے تک ہو سکتے ہیں۔
گوری خان نے سپر اسٹار کی اہلیہ ہونے کے باوجود ہمیشہ اپنی علیحدہ شناخت برقرار رکھی اور بطور انٹیریئر ڈیزائنر نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے متعدد معروف شخصیات کے گھروں کی تزئین و آرائش کی، جن میں ان کی اپنی رہائش گاہ منت بھی شامل ہے جہاں وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ مقیم ہیں۔حال ہی میں گوری خان نے ایک ذاتی نوعیت کے منصوبے پر کام کرتے ہوئے اپنی خاندانی جائیداد کو ازسر نو تعمیر کیا۔
1933میں تعمیر ہونے والی اس سو سالہ پراپرٹی کو جدید سہولیات سے آراستہ چھ بیڈرومز پر مشتمل ولا میں تبدیل کیا گیا ۔ڈلہاسی میں واقع یہ خاندانی گھر اب ایک لگژری ریزورٹ کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں عام افراد بھی دلکش پہاڑی مناظر کے ساتھ قیام کر سکتے ہیں۔ گوری خان نے بتایا کہ یہ وہی مقام ہے جہاں وہ بچپن میں اپنے خاندان اور کزنز کے ساتھ گرمیوں کی تعطیلات گزارا کرتی تھیں۔اس منصوبے میں ان کی کزن رستم تیواڑی نے بھی معاونت کی، جبکہ جائیداد ان کے ماموں تیجندر تیواڑی کی ملکیت ہے۔









